• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ گیا نہ کوئی ملاقات ہوئی، پارٹی قائد کی واپسی کی تاریخ میں تبدیلی نہیں ہوئی، شہباز شریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ تبدیل نہیں کی گئی وہ 21اکتوبر کو ہی پاکستان آئینگے، گوجرنوالہ گیا نہ کوئی ملاقات ہوئی، نوازشریف مینار پاکستان پر اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دینگے، 2018میں جھرلو الیکشن ہوئے نوازشریف کا مینڈیٹ چھینا گیا، ترقی کا سفر وہیں سےشروع ہوگا جہاں نوازشریف کے دور میں ختم ہوا تھا۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی بہترین تیاریاں چل رہی ہیں، نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پراپیگنڈہ کرنیوالوں کو جلد جواب دینگے۔تفصیلات کے مطابق لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، طلال چوہدری اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے پروگرام اور قانونی پیچیدگیوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف واضح کیا کہ ان قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں کہ وہ نوازشریف کیلئے ’’خصوصی پیغام‘‘ لے کر لندن آئے ہیں، انکا کہنا تھا کہ وہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کی پاکستان آمد سے قبل انکے قانونی اور سیاسی اقدامات پر بات کرنے کیلئے لندن پہنچے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف قوم کیلئے امید کی کرن ہیں، نواز شریف کے دور میں مہنگائی کم تھی، جی ڈی پی کی شرح نمو 6.5 فیصد تھی، صنعتیں پھل پھول رہی تھیں، لوگوں کو روزگار تھا اور معاشرے کا ہر طبقہ ترقی کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں جو کچھ ہوا، قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا، 2018 میں نوازشریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا بلکہ کروڑوں عوام کو خوشحالی سے محروم کیا گیا۔

یورپ سے سے مزید