لاہور(ایجنسیاں، جنگ نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف کومذہب کو استعمال کرتے ہوئے نفرت پیدا کرنے تقاریر کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں طلب کر لیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور میاں جاوید لطیف کونفرت انگیز تقاریر کرنے کے کیس میں 30 ستمبر کو طلب کر لیا ہے،پولیس کی جانب سے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے پرعدالت نے اعتراض لگایا ، مریم اورنگزیب اور میاں جاوید لطیف پر تھانہ گرین ٹائون میں 14 ستمبر 2022 کو مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس میں مدعی محمد امین نے دونوں ملزمان کے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور اس کے سربراہ کے خلاف منافرت پھیلانے کا الزام لگایا گیا تھا۔