• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخوت فاؤنڈیشن اربوں روپے اس معاشرے کی بہبود پر خرچ کر رہی، بلیغ الرحمنٰ

لاہور (نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں اخوت سینٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ادارہ اخوت سماجی ذمہ داری کے تحت ہزاروں طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی تربیت سے بہرہ مند کر رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امجد ثاقب کی اخوت فائونڈیشن کی مثال سب کے سامنے ہے کہ وہ اربوں روپے اس معاشرے کی بہبود پر خرچ کر رہے ہیں اور کم وسیلہ لوگوں کو بغیر کسی ضمانت کے قرض حسنہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات بڑی متاثر کن ہے کہ 90۔99 فیصد لوگ یہ قرض واپس کرتے ہیں۔ یہ اس بات کی مثال ہے کہ معاشرے میں لوگوں میں احساس اور ذمہ داری موجود ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک پڑھا لکھا انسان تحقیق کرتا ہے اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرتا ، آپ بھی تحقیق کریں اور پھر کسی چیز کے بارے میں رائے قائم کریں۔دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری موغادم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت تعلیم، ثقافت اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کا دیرینہ اسلامی دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدیم تاریخی، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو فرغ دینے کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔
لاہور سے مزید