راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پسندکی شادی کرنے پر بھائی نے فائرنگ کرکے بہن اور اس کے سسرکوقتل اوربہنوئی کوزخمی کردیا۔تھانہ چونترہ کو عزیرخالد نے بتایاکہ عثمان جو رشتہ میں میراسالہ ہے ،میرے گھرآیا مجھے اور اپنی بہن سعدیہ ناز توحیدی جو میری بیوی ہے کو کہنے لگاکہ آپ لوگ میرے ساتھ چلیں ہم نے آپ کی دعوت کرنی ہے۔اس وقت میرے والد خالدمحمود اور چچا آصف بھی گھرمیں موجودتھے ،ہم نے انکار کیا تو اس نے میرے والدکی منت کی کہ آپ انہیں سمجھائیں میری والدہ ان کاانتظار کررہی ہے، اس نے کہاکہ آپ انہیں ساتھ لے کرآئیں اس پرمیرے والدنے کہاکہ میں آپ کو ساتھ لے کرچلتاہوں ۔جب ہم بیریاں سٹاپ پرپہنچے تو عثمان نے پسٹل نکال لیا اور کہا کہ تمہیں اور تمہارے گھروالوں کومیری بہن کوبھگاکر شادی کرنے کامزہ چکھاؤں گا،اور ساتھ ہی فائرمیرے والد پرکیاجو انہیں چھاتی پرلگا۔میں نے اس سے پسٹل چھیننے کی کوشش کی تواس نے مجھ پرسیدھے دوفائرکئے جوکہ مجھے لگے جس سے میں بھی زخمی ہوکر گر گیا،میرے والدنے اٹھنے کی کوشش کی توعثمان نے ان پرمزیدفائرکئے ،۔میراچچا آصف آگے بڑھےتواس نے ایک فائر کیا لیکن خوش قسمتی سے وہ ا نہیں نہیں لگا۔میری بیوی سعدیہ نازتوحیدی نے شور مچایا اور مزاحمت کی کوشش کی توعثمان نے اس پر بھی متعدد فائرکئے جو موقع پرہی گرگئی ۔میرے والدموقع پرہی دم توڑ گئے جب کہ بیوی ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہوگئی۔وجہ عنادیہ ہے کہ میں نے سعدیہ نازتوحیدی سے اس کے گھروالوں کی مرضی کے برعکس شادی کی تھی جس کا استغاثہ عدالت علاقہ مجسٹریٹ زیرالتواہے ۔