لندن(نیوز ڈیسک)برٹش ایئرویز میں دورانِ پرواز ایک مسافر خاتون جن کے بارے میں دیگر مسافر اور عملہ خیال کررہے تھے کہ وہ اپنی سیٹ پر سورہی ہیں، سفر کے اختتام پر پتہ چلا کہ خاتون دراصل مرچکی تھیں۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 73سالہ خاتون لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور فرانس کے شہر نیس کے درمیان برٹش ایئرویز کی پرواز میں مسافر تھیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ خاتون کو دوران پرواز ہی دل کا دورہ پڑا تھا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔جنوبی فرانس میں جب پرواز نے لینڈنگ کی اور دوسرے مسافر جہاز سے اترنے کے لیے اٹھے تو انہوں نے دیکھا کہ خاتون طیارے سے اترنے کے لیے حرکت نہیں کر رہیں۔ جب کچھ مسافروں نے خاتون کو جگانے کی کوشش کی تو وہ بے جان تھیں۔ مسافروں نے فوری طور پر ہوائی جہاز کے فلائٹ عملے کو الرٹ کیا جس کے بعد عملے نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی طبی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی موت کی تصدیق کی جبکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔اس موقع پر برٹش ایئرویز نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔