کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر صحت، سماجی بہبود و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے پنجاب میں متاثرین چشم کے ساتھ ہونے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ایواسٹن انجیکشن سے متعلق سندھ میں اب تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک کی ابتدائی معلومات کے مطابق تمام متاثرین آنکھوں کے انفیکشن میں مبتلا تھے جن کے ایک مخصوص برانڈ کی دوا کے استعمال سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں لہٰذا مخصوص برانڈ کی دوا پر فی الحال ایکشن لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینائی کو پہنچنے والے نقصان کو روکنا انتہائی ضروری ہے، سندھ میں کسی ناخوشگوار واقعے سے قبل مخصوص برانڈ کی دوا کو وقتی طور پر روکنا مناسب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ بھر میں اپنے ماہرین امراض چشم سے رابطے میں ہیں۔