کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور ترکیہ کے ادارے ٹیکا کے زیر اہتمام گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ایمرجنسی ریسکیو ٹریننگ کا اختتام ہوگیا ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کراچی میں ترکیہ کے کونسل جنرل جمال سانگو تھے، جبکہ صدارت صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ،تاہم تربیت کے ابھی مزید مراحل باقی ہیں ، یہ تربیت سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کے ادارے ٹیکا اور آئی ایچ ایچ کے انتہائی تربیت یافتہ افراد نے سندھ کے اسکاؤٹس کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ایمرجنسی ریسکیو کی تربیت فراہم کی ہے ۔ صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے ترکیہ کے ادارے ٹیکا اور کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے اسکاؤٹس کو عالمی سطح کی ریسکیو تربیت دی جس کے بعد ہمارے اسکاؤٹس اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں جاکر مزید اسکاؤٹس کو تربیت فراہم کریں گے۔ تقریب میں ٹیکا کے پاکستان میں سربراہ خلیل ابراہیم بصران، نائب صوبائی کمشنر پروفیسر معین اظہر صدیقی ، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر ، صوبائی خازن محمد حسین مرزا اور ترکیہ کے قونصل خانہ کے عہدیدران اور اسکاؤٹس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔سینئر نائب صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز نے کلمات استقبالیہ ادا کیے۔تقریب میں ترکیہ سے آنے والی ٹریننگ ٹیم کے اراکین احمد ، علی ، یوسف ، قادر اور اردل کو تعریفی اسناد اور تحائف دیئے گئے جبکہ کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کو سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور ٹیکا کی جانب سے شیلڈ اور تحائف پیش کئے گئے ۔