پشاور(جنگ نیوز) خیبر پختون خواکے نگران وزیر برائے ابتدائی وثانوی اور اعلیٰ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانا اور خصوصاً پرائمری سکولوں کی ہر کلاس کے لیے الگ استاد فراہم کرنا اور بچوں کی بہترین کردار سازی پر توجہ دینا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے اور ہم صوبے کے ہر بچے کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے تمام د ستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرکایؤز و لائبریریز ڈیپارٹمنٹ میں ایسوسی ایشن آف بزنس پروفیشنل اینڈ ایگریکلچر وومن کے زیر اہتمام موبائل لائبریریز اور اوپن ایریا سکول فیز 2 کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اقبال، ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ڈاکٹر بشریٰ رحیم اور دیگر اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔