کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک کے عوام جلد الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں،الیکشن کی تاریخ نہ آنے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، قوم کو ابہام سے فوری طور پر نکالا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بڑی افسوس ناک بات ہے کہ الیکشن کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی، الیکشن کی تاریخ نہ آنے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، کسی پارٹی پر کوئی قدغن نہیں سب کو الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر کوئی پابندی نہیں مگر سندھ میں پابندی لگائی گئی اوربجٹ میں شامل اور منظورشدہ اسکیموں کے فنڈ کو منجمد کیاگیا یہ سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی پر اعتراضات سننے اور فیصلہ کرنے میں دو ماہ کا وقت زیادہ ہے۔نثار کھوڑونے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کے لئے امیدواروان سے درخواستیں وصول کرنا شروع کردی ہیں۔