کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عید میلادنبی ﷺ کے سلسلے میں علماء کرام اور دینی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے رکن رابطہ کمیٹی عبد الحسیب اور علماء کمیٹی کے ہمراہ فیضان مدینہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اراکین سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفیﷺ کی ذات تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، انکی ذات سے انسانیت کو مقام اور احترام ملا ۔انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کا مہینہ ہم سب کو امن و محبت کو فروغ دینے اور شدت پسندی سے نفی کا درس دیتا ہے۔فیضان مدینہ کی مجلس شوری نے ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی آمد کو قابل ستائش عمل قرار دیتے ہوئے سراہا۔