اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس اور توشہ خانہ ریفرنسز میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو طلب کرتے ہوئے 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج نے جعلی اکاؤنٹس اور توشہ خانہ ریفرنس میں طلبی کے سمن جاری کر دیے ،جمعرات کو احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے احتساب عدالت نمبر 3 میں زیر سماعت جعلی اکاؤنٹس اور توشہ خانہ ریفرنسز کی سماعت کی۔ عدالت نے جعلی اکاؤنٹس ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری جبکہ توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کی طلبی کے سمن جاری کئے اور انہیں 24 اکتوبر کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔