کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دسویں جماعت سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔ کامیابی کا کل تناسب 86.30رہا۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت دسویں جماعت کے نتائج کے اعلان کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبِ علموں کو میڈل سے نوازا گیا۔ اس موقع پر والدین سمیت اسکولز کے پرنسپلز بھی تقریب میں موجود تھے۔ میٹرک سائنس گروپ میں پہلی اور دوسری پوزیشن لڑکیوں کے نام رہیں۔ پہلی پوزیشن پر شہیرہ فاطمہ نے 94.91 فیصد نمبرز حاصل کئے۔ ربیسا علی نے 94.09فیصد نمبرز حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ تیسری پوزیشن 93.72فیصد نمبرز کے ساتھ محمد عمر اقبال انصاری کے نام رہی۔ میٹرک سائنس گروپ میں اے ون گریڈ لینے والے طلبہ کی تعداد 33967 رہی۔ 45080طلبہ اے، 34250طلبہ بی، 18033 طلبہ سی جبکہ 3037طلبہ ڈی اور 16 طلبہ ای گریڈ میں پاس ہوئے۔ دسویں جماعت کے خصوصی امیدواروں کے نتائج میں پہلی پوزیشن محمد صہیب نے حاصل کی، دوسری پوزیشن بریلا اسلام اور تیسری پوزیشن ماہم کاشف نے حاصل کی ۔۔جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن زیطون عرفان، دوسری پوزیشن سیدہ خضراء عامر اور تیسری پوزیشن نشرہ آصف نے حاصل کی۔