راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) آئیسکو ویسٹریج ڈویژن ایریاز میں بجلی کی آنکھ مچولی بڑھ گئی جس سے صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ تمام سب ڈویژنوں میں آئے روز بجلی کی بندش جاری رہتی ہے۔ گزشتہ روز رات 4بجے بند ہونیوالی بجلی 11بجے بحال ہوئی اور پھر بار بار جانے لگی۔ ترنول سب ڈویژن اور ویسٹریج سب ڈویژن میں ہر 15 منٹ بعد بجلی بندش نے مکینوں کو اذیت میں مبتلا رکھا۔ ادہر شکایات سیل والے فون نیچے رکھ کے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جاتے ہیں۔ نو تعینات ایس ڈی او اور ایکسین بھی مبینہ طور پر فون سننا گوارہ نہیں کرتے ۔ صارفین نے آئیسکو چیف اور ڈائریکٹر آپریشنز سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو پابند کیا جائے کہ صارفین کو اصل صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب فنی خرابی کے نام پر بجلی گھنٹوں بند نہ ہوئی ہو۔