کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کی خراب کارکردگی اور ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پی سی بی چیئرمین ذکا ء اشرف نے کہا ہے کہ کپتان اور کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے۔ مکی آرتھر نے وعدہ کیا تھا وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے، ابھی ٹیم کھیلنے گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں ذکا اشرف نے کہا کہ امید ہے پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں کم بیک کرے گی، ٹیم چند روز قبل ہی بھارت پہنچی ہے، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ وارم اپ میچ میں ٹیم کے کافی اچھے کھلاڑی ریسٹ پر بھی تھے، پریکٹس میچوں میں پرفارم نہ کرنے والی ٹیمیں کم بیک کرتی ہیں ۔ مکی آرتھر کو نجم سیٹھی کے دور میں رکھا گیا تھا ،انہیں ہٹایا تو پی سی بی کی بدنامی ہوگی۔ انہوں نےکہا کہ میرا انضمام الحق سے احترام کا رشتہ ہے،کچھ وہ ہماری مانتےکچھ ہم ان کی مانتے ہیں، ہم نے بڑے بڑے کرکٹرز سے بات کی، پی سی بی میں کام کے لیے بھاری معاوضے طلب کیے گئے، چالیس سے پچاس لاکھ معاوضہ طلب کیا گیا جو پی سی بی نے نہیں مانا۔ انہوں نے کہا کہ کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، اگر کسی سے کوئی غلط فیصلہ ہوا ہے تو اس کو ٹھیک کریں گے، اے کیٹیگری میں رہنے کے لیے پلیئر کو پرفارم کرنا ہوگا، نہیں توبی میں آجائےگا۔