کوئٹہ (اے پی پی) نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مستونگ دھماکے کے شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کوفی کس5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کوفی کس 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ سے دہشت گردوں کو فائدہ ہوتا ہے، جس کی روک تھام کیلئےاقدامات کئے جائینگے، کسی شرپسند سے رعایت نہیں برتیں گے
بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، دہشت گردی سے پڑوسی ملک کے تانے بانے ملتے ہیں، پہلے بھی دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے رہے ہیں، دشمن منظم انداز میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے مگر وہ کامیاب نہیں ہوگا، پاکستان کےعوام بالخصوص بلوچستان کے باسی دہشت گردوں کیخلاف کھڑے ہیں، تمام ریاستی طاقت سے دہشت گردی کو شکست دیں گے، ہم ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرینگے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مستونگ سانحے پر ہر پاکستانی نے دکھ کا اظہار کیا، ہم شہداء کے لواحقین کی جتنی ممکن ہوسکے مدد کریں گے، جلسے جلوس ہر شہری کا حق ہے، ہمارا کام سیکورٹی دینا ہے۔