اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) چاند کیلئے چین کا نیا مشن چینگ ای 6 پاکستان کے ایک سیٹلائٹ کو بھی چاند پر لے کر جائیگا۔
مجوزہ مشن پاکستان‘ یوپین اسپیس ایجنسی‘ فرانس اور اٹلی میں پے لوڈ کو ساتھ لے جائیگا .
چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) نے سوشل میڈیا سائٹ ویکو پر اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ چینگ ای 6مشن 2024ء کی پہلی ششماہی میں چاند کیلئے روانہ کیا جائیگا۔
یہ مشن پاکستان‘ یورپین اسپیس ایجنسی‘ فرانس اور اٹلی میں پے لوڈ کو اپنے ساتھ چاند پر لیکر جائیگا۔ چینگ ای 6مشن میں فرانسیسی انسٹرومنٹ موجود ہونگے جو ریڈیو ایکٹو گیس کی جانچ کرینگے۔
اسی طرح یورپین اسپیس ایجنسی کے نیگٹو آئیون ڈٹیکٹر اور اٹلی کے ویلی بریٹ ریڈار سسٹم کو بھی یہ مشن اپنے ساتھ چاند پر لے جائیگا۔ بیان کے مطابق پاکستان کے کیوب سیٹ نامی منی ایجر سیٹلائٹ کو بھی چاند کے مدار پر پہنچایا جائیگا۔
بیان میں کہا گیا کہ چین کی جانب سے بین الاقوامی لونر ریسرچ اسٹیشن پراجیکٹ کی رفتار بڑھائی جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ مزید بین الاقوامی شراکت داری کا حصہ بنیں گے۔ سی این ایس اے نے بتایا کہ بین الاقوامی تعاون میں اضافے کیلئے یہ مشن 4ممالک کے پے لوڈ اور سیٹلائٹس کو اپنے ساتھ لے جائیگا۔