• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض آباد دھرنا معاہدے میں جنرل فیض حمید اصرار کرکے شامل ہوئے، احسن اقبال کا انکشاف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ فیض آباد دھرنا معاہدے میں جنرل فیض حمید خود اصرار کر کے شامل ہوئے،میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی معاہدے پر جنرل فیض حمید کے دستخط کے حق میں نہیں تھے، جنرل فیض حمید نے اصرار کیا کہ انہوں نے دستخط نہ کیے تو تحریک لبیک معاہدہ نہیں مانے گی،ہم نے آگ روکنے کیلئے فیض آباد دھرنے والوں سے معاہدہ کیا تھا، رپورٹس تھیں چند جگہوں پر دیوبندی اور بریلوی مکتبہ فکر کے فسادات ہوئے ہیں،نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں، ن لیگ الیکشن ملتوی کرنے کے مطالبہ کی حمایت نہیں کرتی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین بھی شریک تھے۔شعیب شاہن نے کہا کہ ہم کہتے ہیں مقبولیت کو قبولیت کی شرط نہ رکھی جائے، فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عملدرآمد مشکل لگتا ہے، ن لیگ حکومت کو فیض آباد دھرنے کے معاملہ پر جنرل فیض حمید کو شامل نہیں کرنا چاہئے تھا، حکومت اور مظاہرین کے درمیان گارنٹیئر بننا جنرل فیض حمید کا کام نہیں تھا۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں، ن لیگ الیکشن ملتوی کرنے کے مطالبہ کی حمایت نہیں کرتی، مولانا فضل الرحمٰن اور شاہد خاقان عباسی کی الیکشن سے متعلق اپنی رائے ہے، جنوری میں خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں برفباری ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمٰن کو جنوری میں الیکشن کروانے پر اسی وجہ سے تحفظات ہیں، ماضی میں بھی دسمبر جنوری میں الیکشن ہوچکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید