• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا قبل از انتخابات ٹیکس میں کٹوتیوں کا عہد کرنے سے انکار

لندن/لوٹن ( نمائندگان جنگ) رشی سوناک نے قبل از انتخابات ٹیکس میں کٹوتیوں کا عہد کرنے سے انکار کر دیا۔ وزیر اعظم رشی سوناک نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ ٹیکسوں میں کمی کرنا چاہتے ہیں لیکن انھوں نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا وہ اگلے عام انتخابات سے قبل ایسا کریں گے۔کنزرویٹو پارٹی کی کانفرنس کے پہلے دن ٹیکسوں میں کمی کے مطالبات کا سامنا کرنے کے بعد رشی سوناک نے کہا کہ ان کی ترجیح زندگی کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔ مانچسٹر میں جمع ہونے پر ٹوری ایم پیز میں ٹیکس اور HS2 پر بے چینی پائی جاتی ہے اور کابینہ کے وزیر مائیکل گوو نے اسکائی نیوز کو بتایا ہے کہ وہ اگلے انتخابات سے پہلے ٹیکسوں میں کمی دیکھنا چاہیں گے۔کانفرنس سے پہلے کے دنوں میں، سابق وزیر اعظم لز ٹرس اور ان کے اتحادیوں سمیت کچھ ٹوری ایم پیز کی جانب سے ٹیکسوں میں کٹوتی کے مطالبات کیے گئے تھے لیکن چانسلر جیرمی ہنٹ جو نومبر میں اپنے خزاں کے بیان میں اپنے معاشی منصوبے مرتب کریں گے نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ٹیکس میں کمی فی الحال عملی طور پر ناممکن ہے۔ بی بی سی کے لورا کونسبرگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں رشی سوناک سے تین بار پوچھا گیا کہ کیا وہ اگلے انتخابات سے پہلے ٹیکس کم کرنے کا عہد کریں گے، جو اگلے سال متوقع ہیں ۔ رشی سوناک نے پارٹی لیڈر کے طور پر اپنی پہلی کانفرنس میں کہا کہ ایک کنزرویٹو کے طور پر، وہ ٹیکسوں میں کمی کرنا چاہتے ہیں لیکن اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ وہ ایسا کب کریں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے خیال میں اس سال کے آخر تک مہنگائی کو آدھا کر دینا، جو کہ حکومت کیلئے ان کے پانچ وعدوں میں سے ایک ہے، وہ ٹیکس میں بہترین کٹوتی تھی جو وہ دے سکتے تھے۔

یورپ سے سے مزید