• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ یکجا، ورلڈکپ کا سب سے بڑا شو ”ہارنا منع ہے“ آج سے روزانہ ”جیو نیوز“ پر دیکھیں

کراچی (جنگ نیوز ) کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور میگا ایونٹ ”ورلڈ کپ 2023“ کا آغاز 5اکتوبر سے بھارت میں ہورہا ہے۔ 50 اوورز فارمیٹ پر مشتمل کرکٹ کا مزہ دوبالا کرنے اور شائقین کا جوش اور ولولہ بڑھانے کیلئے ”کرکٹ“ اور ”انٹرٹینمنٹ“ کا سب سے بڑا شو اس بار پھر نئی آب و تاب کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ پر شروع ہورہا ہے۔ ”ہارنا منع ہے“کے عنوان سے شروع ہونے والے اس نئے انداز کے سب سے بڑے شو میں کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ کو ایک بار پھر سے یکجا کردیا گیا ہے۔ اس شو میں آف دی فیلڈ، آن دی فیلڈ کیا چل رہا ہے، یہ سب کچھ دکھایا جائے گا۔ کرکٹ ماہرین کا سب سے بڑا پینل بھی اس شو کو چار چاند لگائے گا۔ شو کا باقاعدہ آغاز بدھ کی شب 11 بجکر 5 منٹ پر ہوگا۔ اس شو میں پاکستان کے نامور کرکٹرز، آرٹسٹ، اداکار، فنکار، گلوکار اور سیاسی رہنما بھی شرکت کریں گے۔ ہر دِن ایک نئے مہمان کے ساتھ مزیدار گیم بھی کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں پر اپنے جاندار تجزیئے پیش کرنے کیلئے آل راؤنڈر عماد وسیم، مایہ ناز فاسٹ بالر محمد عامر، آل راؤنڈر عبدالرزاق، اور کرکٹ کے سینئر تجزیہ کار سکندر بخت اپنے تجزیئے اور تبصرے پیش کریں گے۔ قہقہوں کی برسات لئے، کرکٹ کے تجزیوں اور تبصروں سے سجا یہ شاندار شو تابش ہاشمی کی میزبانی میں ”ورلڈ کپ“کے فائنل تک روزانہ ”جیونیوز“ سے نشر ہوگا۔ دوسری طرف ”جیونیوز“ پر ہر میچ سے پہلے اور بعد میں کرکٹ میچ پر خصوصی گفتگو ہوگی جس میں عماد وسیم، محمد عامر، عبدالرزاق، سکندر بخت،کرکٹ کے ماہر ماجدبھٹی اور یحییٰ حسینی اپنی رائے پیش کریں گے۔ دانش انیس اور فاطمہ سلیم میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔
اہم خبریں سے مزید