اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) ایف آئی اے نے مالی فراڈ اور جنسی ہراسگی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مالی فراڈ اور جنسی ہراسگی میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔محمد ریاض کو مالی فراڈ اور رمیض خان کو جنسی ہراسانی کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم محمد ریاض کو مظفر گڑھ جبکہ رمیض خان کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ محمد ریاض نے شہری کا بینک اکاونٹ ہیک کر کے 9 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ رمیض خان نے متاثرہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں ،ملزم متاثرہ خاتون کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر قابلِ اعتراض مواد شئیر کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم سے دو موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیا گیا ۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے آن لائن دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث فضائل کمال کو پاکپتن سے گرفتار کر لیا جو جعلی ملازمت کا جھانسہ دینے میں ملوث تھا۔ملزم نے فیس بک پر سرویئرز کی نوکریوں کے بارے میں گمراہ کن معلومات پوسٹ کیں۔ ملزم نے انٹرویو کی غرض سے آنے والے سادہ لوح شہریوں سے دھوکے اور فراڈ سے رقوم بٹوریں ۔ ملزم نے سادہ لوح شہری سے 8 لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم ہتھیائی۔