• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کی قومی اسمبلی کی سیٹیں بڑھائی جائیں‘ بی این پی عوامی

کوئٹہ(پ ر)بی این پی عوامی کے سینئر و بانی رہنما ضلع کوئٹہ کے آرگنائزر لالہ حسن ریکی، ڈپٹی آرگنائزر عیدمحمد احمدزئی، ضلع کوئٹہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سلمان درانی، الیاس مینگل و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی چار اکائیاں ہیں بلوچستان کو شہر نہیں ایک صوبے کی نظر سے دیکھا جائے۔ قومی اسمبلی کا مقصد تمام اکائیوں کو مساوی اہمیت دینا ہے ، ایک صوبے کی بالادستی اور موجودہ سیٹوں کی تقسیم سراسر ناانصافی ہے۔ بلوچستان کو16 سیٹیں جبکہ کراچی کو22سیٹیں دی گئیں۔ اسی طرح لاہور اور فیصل آباد کی سیٹیں بھی بلوچستان سے کہیں زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک شہر نہیں صوبہ ہے جو رقبے کے لحاظ سے آدھا پاکستان ہے۔پسماندہ صوبہ تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ جبکہ بلوچستان کی دو ممالک سے سرحدیں ملتی ہیں جس سے کھربوں روپے سالانہ کمائے جاسکتے ہیں ، دوسری جانب ٹول ٹیکس کی مد میں قومی شاہراہوں پر کھربوں روپے وصول ہوتے ہیں ۔ سی پیک کا مرکز اور قدرتی وسائل سے مالا مال آج پسماندگی کی تصویر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے بیان میں حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی قومی اسمبلی میں سیٹیں بڑھائی جائیں۔
کوئٹہ سے مزید