کوئٹہ(خ ن)زائد المیعاد، غیر معیاری و مضر صحت اشیاء خوردونوش کی فروخت کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں ۔اس سلسلے میں قوانین کی خلاف ورزی پر پسنی میں 8 ، نصیر آباد میں 11 ، آواران میں 2 اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 8 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد جبکہ متعدد کو معمولی نقائص پر وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ۔ جرمانہ کئے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز ، ملک شاپس ، ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس ، بیکرز ، نان شاپس اور گوشت کی دکانیں شامل تھیں۔ بی ایف اے کی مذکورہ تمام اضلاع میں کارروائیوں کے دوران زائد المیعاد و ناقص خوردنی مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی ۔ مراکز مالکان کو قوانین کے مطابق معیاری و صحت بخش اشیاء کی تیاری و فروخت یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی گئی جبکہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں بارے انہیں تفصیلاً آگاہی دی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہناہے کہ بی ایف اے کی تمام فوڈ سیفٹی ٹیموں کو خاص ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ عوام تک معیاری اور محفوظ خوراک کی ترسیل یقینی بنانے کے لئے خوراک کے مراکز کی مسلسل انسپکشن جاری رکھیں جبکہ اس سلسلے میں اشیاء کی کوالٹی ، مراکز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور خصوصاً زائد المیعاد اشیاء کی فروخت کے مسئلہ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق بی ایف اے انسپکشن ٹیمیں خوراک کے معیار کی بہتری و ملاوٹ زدہ و مضر خوردنی مصنوعات کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، عوام تک بہترین خوراک کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس اہم مقصد کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔