• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، بھارت میں سبز پرچم لہرانے کی مہم آج شروع، پاکستان کا کمزور نیدرلینڈ سے مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت میں سبز پرچم لہرانے کی مہم ،پاکستان ٹیم مشن کا آغاز ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم نیدرلینڈ کے خلاف میچ سے کررہی ہے۔ پاکستان گذشتہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ نہیں بناسکا تھا ۔ کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچوں میں مختلف کامبی نیشن آزمائے،ہر کھلاڑی کو موقع دیا تاکہ دیکھ سکیں کہ وہ ہر صورتحال میں کھیل سکتا ہے۔ بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس ورلڈ کپ میں فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے، اس نے ختم ہونے والے ورلڈ کپ سائیکل میں36 میں سے24 میچز جیتے ہیں ۔2019 کے عالمی کپ میں بابر اعظم پاکستان کےسب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے، وہ عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ چار سال کے دوران انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 2196 رنز 93 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں جس میں نوسنچریاں شامل ہیں۔بولنگ میں شاہین آفریدی کو کلیدی حیثیت حاصل ہوگی۔ ان چار برسوں کےدوران وہ 46 وکٹیں حاصل کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں خطرناک بولر کا روپ دھارچکے ہیں۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہماری قوت ہیں۔ ہمارے بیٹرز ٹاپ آرڈر سے لوئرآرڈر تک اچھا پرفارم کررہے ہیں تیز بولرز ہمیشہ ہماری قوت رہے ہیں لیکن اسپنرز بھی مڈل اوورز میں وکٹیں لے رہے ہیں ۔ پاکستانی ٹیم گیارہ سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ بھارتی سرزمین جبکہ 1987 کے بعد حیدرآباد دکن میں پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ جمعہ کو پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان ہونے والا ون ڈے دونوں کے درمیان ساتواں مقابلہ ہوگا اور1996 کے بعد سے ہونے والے تمام چھ میچز پاکستان نے جیتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید