• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کیخلاف جس نے بھی کیسز بنائے ایکسپوژ ہوئے، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف جس نے بھی سیاسی انتقام کیلئے کیسز بنائے وہ ایکسپوژ ہوئے،ماہر افغان امور احسان اللہ ٹیپو نے کہا کہ اسلام آباد میں افغان مہاجرین کے کمیونٹی لیڈرز کو بھی حکومت کی طرف سے واپسی کیلئے کوئی پالیسی نہیں دی گئی ہے، ماہر افغان امور سمیع یوسف زئی نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو ایک ماہ میں واپس بھیجنے کا فیصلہ جذبات پر مبنی ہے، افغان طالبان نے پاکستان کے تعاون سے کابل پر کنٹرول کیا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں کبھی ٹاپ آرڈر تو کبھی مڈل آرڈر پرفارم کرتا ہے، نیدرلینڈ کیخلاف مڈل آرڈر کی اچھی بیٹنگ پاکستان کیلئے اچھی علامت ہے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے احتساب سے متعلق سوال کا جامع جواب دیا، شہباز شریف نے واضح کردیا کہ احتساب کی چھڑی ہمیشہ سیاستدانوں پر چلتی ہے، احتساب سب کا ہونا چاہئے اور ان کے اداروں کو کرنا چاہئے، نواز شریف اللہ تعالیٰ پر بہت پختہ یقین رکھتے ہیں،نواز شریف کیخلاف جس نے بھی سیاسی انتقام کیلئے کیسز بنائے وہ ایکسپوژ ہوئے، ایسے لوگوں نے جنہیں اپنے ہاتھوں سے بنایا تھا انہوں نے نواز شریف کی بے گناہی کی گواہیاں دیں، ہم میں ان لوگوں کو ایکسپوژ کرنے کی طاقت نہیں تھی یہ قدرت نے ہی کیا ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے بیانیہ پر ہمیشہ قائم رہتے ہیں، نواز شریف بیانیہ میں پاکستان کے مسائل کا جامع حل دیتے ہیں، نواز شریف مینار پاکستان پر جلسے میں ملک کے تمام مسائل کے حل کیلئے قابل عمل حل دیں گے، نواز شریف کا واپسی پر استقبال پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، نواز شریف کی واپسی ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ عمران ریاض خان کی گمشدگی سے متعلق شہباز شریف کی لاعلمی کے سوال پر طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو عمران ریاض خان کی گمشدگی کا علم ہوتا تو وہ کیوں نہیں مانتے، وزیراعظم کو پاکستان کا ایک ایک مسئلہ یاد ہونا ضروری نہیں ہوتا، ن لیگ نے آزادیٴ صحافت کی جتنی قیمت ادا کی جیو سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، ہم سیاسی قیمت ادا کر کے صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبی رپورٹ ہر تین چار ماہ بعد جمع ہوتی رہی ہے، نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ قانونی ٹیم کرے گی، قانونی ٹیم کا فیصلہ ہوگا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے کس وقت کس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے، ن لیگ کی سیاسی و قانونی ٹیمیں کسی بھی قسم کے حالات کیلئے تیار ہیں، ہمیں یقین ہے نواز شریف کے ساتھ جو ظلم پہلے ہوئے اسے مزید نہیں دہرایا جاسکے گا۔
اہم خبریں سے مزید