سکھر (بیورورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر جمہوری سیاست دان سمجھتا ہے کہ تمام مسائل کا حل الیکشن ہیں، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، عوام مسائل کے حل کیلئے سیاستدانوں کی جانب دیکھ رہے ہیں،نگراں حکومت چاہیے بھی تو عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی، پٹرول اتنا مہنگا ہوگیا ہے کہ ہم بھی برداشت نہیں کرسکتے، نوازشریف کے استقبال کیلئے جیسی تیاریاں ہونی چاہیں وہ نظر نہیں آرہیں، مولانا فضل الرحمٰن الیکشن کے مخالف نہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کسی ایک پارٹی کا نہیں، صرف عوام کا فائدہ دیکھیں، جب تک پی ٹی آئی سے 9 مئی واقعات میں ملوث لوگ مائنس نہیں ہونگے اتحاد کرنا مشکل ہوگا، پاکستان عالمی قوانین کےتحت فلسطین کے دوریاستی حل کیساتھ کھڑا ہے، فلسطین کا ایشو پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں سابق صوبائی وزیر میر اعجاز حسین جکھرانی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت کی سابقہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کا ہر ممکن ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دینے والا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ انکی جماعت الیکشن کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہے، ہر جمہوری سیاست دان سمجھتا ہے کہ تمام مسائل کا حل الیکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان کے ووٹر کو جلد از جلد اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملے گا، جب نمائندے پارلیمنٹ میں جاتے ہیں تو ان کو عوام کے مسائل حل کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہوتا ہے۔