کراچی( اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز ) ورلڈ کپ کر کٹ میں اتوار کو بھارت اور آسٹریلیا کے میچ میں دو نئے ریکارڈ بنے۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان مجموعی طور پر 150واں ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ان کے ٹاپ چار میں سے تین بیٹرز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین روانہ ہوگئے۔ بھارت کے دونوں اوپنرز روہت شرما اور ایشان کشن ڈک پر آؤٹ ہوئے جبکہ چوتھے نمبر کے سری یاس آئر بھی کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کرکٹ ورلڈکپ میں ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا تھا۔دونوں اوپنرز کا کوئی رن بنائےبغیر پویلین لوٹ جانا بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں سات بار ہوچکا ہے جن میں سے آخری تقریباً بیس سال قبل 2004 میں زمبابوے کے خلاف میچ میں ہوا تھا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ورلڈ کپ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے کا سابق بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین 1000رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 19اننگز میں انجام دیا۔ سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 1000 رنز 20 اننگز میں بنائے تھے تاہم ڈیوڈ وارنر نے یہ کارنامہ اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیکر ان دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دریں اثنا ویرات کوہلی نے ورلڈکپ میں بھارت کیلئے سب سے زیادہ 15 کیچز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، انہوں نے مچل مارش کو بمرا کی گیند پر کیچ کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز 14 کیچز کے ساتھ انیل کمبلے کے نام تھا۔