• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلعہ کہنہ کے گرد تجاوزات ختم کرکے فصیل بنائی جائے گی، کمشنر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر انجینئر عامر خٹک کی صدارت میں قلعہ کہنہ اور دمدمہ کی اپ گریڈیشن بارے اجلاس منعقد ہوا کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی نے قلعہ کہنہ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے میگا پراجیکٹ کی منظوری دی ہے۔منصوبے پر عملدرآمد کیلئے قلعہ کہنہ سے متعلقہ امور کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ سے سرکاری دفاتر اور اوقاف کی تنصیبات کو میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں منتقل کیا جائے گا ۔والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت قلعہ کہنہ کے گرد تجاوزات ختم کرکے فصیل بھی بنائی جائے گی۔ کمشنر عامر خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت 3.7 بلین کی سکیم دی ہے تاکہ اس قدیم ورثے کو محفوظ کیا جاسکے۔ قلعہ کہنہ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کے حوالے سے سفارشات حکومت پنجاب کو بھیجی گئ ہیں۔ اس حوالے سے انتظامیہ اور سٹیک ہولڈرز میں مکمل مشاورت جاری ہے۔کمشنر نے بتایا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کو قلعہ کہنہ اور ملحقہ تاریخی مقامات کی منتقلی کا عمل بھی شروع کیا جارہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ کے اطراف میں سرکاری دفاتر کی منتقلی کیلئے سروے مکمل کرلیا ہے۔ نیا تعمیر شدہ میوزیم اور مساجد و عبادت گاہوں کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔ کبوتر منڈی اور حاجی کیمپ سے ملحقہ نزول لینڈ کو قابضین سے واگزار کرانے کیلئے جلد کریک ڈاون بھی کیاجائیگا۔ اس موقع پر انتظامی و پولیس افسران، متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ملتان سے مزید