کراچی(نیوز ڈیسک) 2022کی بہترین کتابوں کے لیے تین نوجوان مصنفین کو ڈاکٹر جمیل جالبی ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا۔
فاتحین کے ناموں کا اعلان لاہور پریس کلب میں ایک تقریب کے دوران سرپرست ڈاکٹر جمیل جالبی ایوارڈ کمیٹی، ڈاکٹر خاور جمیل اور ادارہ اردو زبان و ادب پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم کامران نے کیا۔
سربراہ جمیل جالبی چئیر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن، معروف اینکر عبدالباسط خان اور ڈاکٹر ایم نعیم ایوارڈ کمیٹی میں شامل تھے۔ڈاکٹر جمیل جالبی ایوارڈ برائے تحقیق خرم شہزاد کو ان کی کتاب ”ذاکِ دریدہ کا تحریری فلسفہ“ پر دیا گیا۔
ڈاکٹر جمیل جالبی ایوارڈ برائے ترجمہ یاسمین حمید کو ان کی تصنیف ’’جنوبی ایشیا کی منتخب نظمیں‘‘ پر دیا گیا، جب کہ ڈاکٹر جمیل جالبی ایوارڈ برائے بچوں کا ادب تسنیم جعفری کو کتاب ’’جنگل کہانی‘‘ پر دیا گیا۔
ڈاکٹر ضیاء الحسن نے جمیل جالبی ایوارڈز کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں ملک میں امن اور علمی ماحول کو فروغ دیں گی۔
ڈاکٹر جمیل جالبی کے فرزند ڈاکٹر خاور جمیل نے اردو ادب کے فروغ کے لیے اپنے والد کا وژن بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جالبی ساری زندگی اردو زبان و ادب کی خدمت میں لگے رہے، اور تحقیق، تاریخ، تنقید، ترجمہ اورادب اطفال میں بہت زیادہ خدمات سرانجام دیں۔
عبدالباسط خان نے پنجاب یونیورسٹی میں جمیل جالبی چیئر کے قیام پر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ایم کامران نے جیوری کے منتخب کردہ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔