کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی وحدت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ سندھ ہماری دھرتی ماں ہے اور اس کی تقسیم سے متعلق کسی بھی سازش یا اقدام کو سندھ کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ اس بات کا ظہار سندھ رہبرکمیٹی کے تحت اتوار کو سندھ کی وحدت کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر رہنماؤں نے کیا۔ ریلی کی قیادت جئے سندھ رہبر کمیٹی میں شامل قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں ڈاکٹر نیاز کالانی، ریاض چانڈیو سمیت دیگر رہنماؤں نے کی جبکہ وکلا رہنماؤں عامر نواز وڑائچ، حسیب جمالی اور کے بی لغاری نے بھی ریلی کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیا۔ریلی ڈرگ روڈ سے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی میٹرو پول پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے سندھ کی ممکنہ تقسیم، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سندھ کی تاریخی، جغرافیائی اور ثقافتی وحدت برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔ ریلی کےاختتامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سندھ کی تاریخی وحدت صرف ایک انتظامی معاملہ نہیں بلکہ اس سرزمین کی ہزاروں سالہ تاریخ، تہذیب، ثقافت، شناخت اور عوامی جذبات سے جڑی ہوئی ہے۔