کراچی( افضل ندیم ڈوگر )پاکستان کے چھوٹے اور غیر معروف ایئرپورٹس کو ملک کی فضائی سروس سے جوڑنے والی نئی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر کا فلائٹ آپریشن گزشتہ 12روز سے معطل ہے انتظامیہ کے مطابق ویٹ لیز پر لئے گئے دونوں اے ٹی آر طیارے مینٹیننس کیلئے کراچی اور مالدیپ میں گراونڈ ہیں۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق لتھوانیاں کی جمپ ایئر کے اے ٹی آر طیارے نے ساؤتھ ایئر کیلئے سکھر سے کراچی کی آخری پرواز جے یو پی 945 پانچ نومبر کو آپریٹ کی جس کے بعد سے یہ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہے۔ مالدیپ کی مانٹا ایئر والے اے ٹی آر طیارے نے 10 نومبر کو گوادر سے کراچی کی آخری پرواز این آر 910 آپریٹ کی جس کے بعد 12 نومبر کو یہ طیارہ مسقط کے راستے مالٹا روانہ ہوا جو پہلے مالے اور پھر جزیرے ڈھالو اٹول پہنچا۔ ساوتھ ایئر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اعجاز ملک نے اس نمائندے کو اسی روز بتایا تھا کہ طیارہ 3 دنوں مینٹیننس کیلئے مالے گیا ہے مگر یہ طیارہ آخری اطلاع تک ڈیڑھ ہفتے سے مالے میں ہی موجود تھا۔