سیتا روڈ (نامہ نگار،سید صداقت کاظمی)) وفاقی وزارتوں، محکموں اور خودمختار اداروں میں سندھ کے کوٹے کی 80ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر سندھ کے نوجوانوں اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تفویض اختیارات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 2لاکھ 75ہزار آسامیاں خالی ہیں، جن میں بلوچستان کے حصے کی بھی 30 ہزار سے زائد آسامیاں شامل ہیں۔کنوینر سینیٹر بیرسٹر ضمیر حسین گھمرو کی زیرصدارت اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کی خالی آسامیوں کو فوری مشتہر کرنے اور 15 روز میں گریڈ 18 سے 22 تک کی آسامیوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سندھ کا وفاقی ملازمتوں میں مجموعی کوٹہ 19 فیصد ہے، جس میں دیہی سندھ کا حصہ 11.4 اور شہری سندھ کا 7.6 فیصد ہے۔ عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے کوٹے پر فوری بھرتیاں کرکے نوجوانوں کو ان کا آئینی حق دیا جائے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تفویض اختیارات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارتوں، محکموں اور خود مختار اداروں میں سندھ کے حصے کی 80 ہزار سے زائد آسامیاں تاحال خالی پڑی ہیں، جبکہ بلوچستان کے حصے کی بھی 30 ہزار سے زائد آسامیوں کی کمی موجود ہے اور مجموعی طور پر وفاق میں تقریباً 2 لاکھ 75 ہزار آسامیاں خالی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے صرف بلوچستان کے لیے 5 ہزار آسامیوں کے اشتہار دینے کی اطلاع پر کمیٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی کہ سندھ اور بلوچستان کی محرومیوں اور کمی کو فوری اشتہارات کے ذریعے پورا کیا جائے اور 15 دن کے اندر گریڈ 18 سے 22 تک کی مکمل تفصیلات کمیٹی میں پیش کی جائیں۔آئینی و قانونی ماہرین اور سماجی حلقوں کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 38(g) کے تحت وفاقی خدمات اور ملازمتوں میں تمام صوبوں کا جائز حصہ یقینی بنانا اور ماضی کی کمی کو دور کرنا وفاق کی براہِ راست آئینی ذمہ داری ہے۔