• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ یونیورسٹی کی سیکڑوں ایکڑ اراضی پر قبضے کا معاملہ نیب تک جا پہنچا

جامشورو(نامہ نگار/حاجی خان سیال) سندھ یونیورسٹی کی سیکڑوں ایکڑ اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی فروخت کا معاملہ قومی احتساب بیورو نیب تک پہنچ گیا ہے۔ نیب کراچی نے سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور دیگر کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مختارکار کوٹری سے زمین کا اہم ریکارڈ اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے نیب کراچی کے انویسٹی گیشن ونگ II کی جانب سے مختیارکار کوٹری کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ سندھ یونیورسٹی کی زمین پر مبینہ قبضے اور غیرقانونی فروخت کے الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور دیگر شامل ہیں نیب کے خط کے مطابق 1958 میں دیہہ رائلو میں سندھ یونیورسٹی ٹاؤن شپ کے لیے 782 ایکڑ اور 3 گھنٹہ اراضی حاصل کی گئی تھی، جبکہ 25جون 1969 کو انٹری نمبر 201 کے ذریعے مذکورہ اراضی سندھ یونیورسٹی کے نام منتقل کی گئی تھی نیب نے مختیارکار کوٹری سے مذکورہ اراضی کی موجودہ قانونی اور ریونیو حیثیت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زمین کے ریکارڈ میں بعد ازاں کوئی نئی انٹری یا تبدیلی کی گئی ہو تو اس کی وجوہات اور مکمل تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کی جائیں خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مطلوبہ معلومات 23 نومبر 2026 تک نیب کراچی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کی جائیں، جبکہ یہ معلومات قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 19کے تحت طلب کی گئی ہیں۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مختیارکار کوٹری نے بتایا کہ سندھ یونیورسٹی کی زمین پر مبینہ قبضے اور غیرقانونی فروخت کی تحقیقات کے سلسلے میں انہیں نیب کا خط موصول ہوا ہے، جس میں زمین سے متعلق مطلوبہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید