پیرس( رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) افغانستان میں انسانی بحران سنگین، 40لاکھ سے زائد بچوں کو غذائی قلت کا خطرہ، عالمی امداد میں کمی اور مہاجرین کی واپسی نے مشکلات بڑھا دیں، فرانسیسی اخبار ’’لی موند‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے، جہاں غذائی قلت، غربت، طبی سہولیات کی کمی اور عالمی امداد میں کمی کے باعث لاکھوں بچوں کی صحت اور زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 2027ء کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریباً 40 لاکھ سے زائد بچوں کو غذائی قلت کے علاج کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں معاشی مشکلات، صحت کے نظام کی کمزوری اور بین الاقوامی امداد میں کمی نے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ خصوصاً خواتین اور بچوں کو بنیادی طبی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لی موند نے اپنی رپورٹ میں پاکستان اور ایران سے افغان مہاجرین کی بڑی تعداد میں وطن واپسی بھی افغانستان کے انسانی اور معاشی بحران کا اہم سبب قرار دیا ہے، واپس آنے والے خاندانوں کو رہائش، روزگار، خوراک اور علاج معالجے کی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے جس سے پہلے ہی محدود وسائل پر مزید دباؤ پڑ رہا ہے۔