میرپورخاص(نامہ نگار/سلیم آزاد)سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بنچ میرپورخاص نےایک اہم فیصلہ دیتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ میرپورخاص کے سرکاری میڈیکل کالج کے تمام انتظامات مکمل کر کے 2028ء کے تعلیمی سال سے کلاسز کا آغاز کیا جائے۔جسٹس ذوالفقارعلی سانگی اورجسٹس نثاراحمد بھنبھرو پرمشتمل دورکنی بنچ نے میرپورخاص میں اربوں روپے کی لاگت سے 2012ء میں شروع ہونے والے اور 2018ء تک تقریباً مکمل ہو جانیوالے میڈیکل کالج کے منصوبے کے 14سال بعد بھی غیر فعال رہنے اور عوامی فنڈز کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔عدالت نے شہری میرپر ویزاختر تالپور ایڈووکیٹ کی جانب سے دائرکی گئی پٹیشن منظورکرتے ہوئے اپنے حکم میں واضح کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر عائد تین سالہ پابندی کا اطلاق تھرپارکر ریجن(بشمول میرپورخاص) پر نہیں ہوگا۔ مزید براں، اس کالج کے لیے ایم بی بی ایس کی نشستیں سندھ کے دیگر سرکاری میڈیکل کالجز کے موجودہ کوٹے سے الگ مختص کی جائیں گی تاکہ مقامی طلبہ کو فائدہ مل سکے۔