اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سعودی عرب میں 12ہزار 96افغانوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے معاملے پرنوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی سربراہی میں 5رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ،کمیٹی 15یوم میں پاسپورٹ اجرا ءمیں کوتاہی ، نادرا ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کر یگی ، جو15یوم میں پاسپورٹ کے اجرا ءمیں کوتاہی ، ملی بھگت ، نادرا ، پاسپورٹ ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کر یگی ۔پیر کو وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈپاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی سربراہ ،وزارت داخلہ میں ایف آئی اے کے ڈپٹی سیکرٹری ، ایف آئی اے بی ایس 19کا نمائندہ ، نادرا کا سینئر افسر کمیٹی کےممبر جبکہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ شعبہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔ انکوائری کمیٹی جعلی پاسپورٹ اجرا میں کوتاہی کرنے والوں کا تعین کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان سے سعودی عرب روانگی تک ان افراد کو مختلف اداروں کی جانب سے کلیئر کیے جانے ،نادرا ، محکمہ پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے ذمہ داروں کا جائزہ اور روک تھام کیلئے تجاویز مرتب کرے ۔