• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مجھے خون کا پیسہ نہیں چاہیے‘، ہدیٰ قطان کا اسرائیلی خاتون کو منہ توڑ جواب

ہُدیٰ قطان—فائل فوٹو
ہُدیٰ قطان—فائل فوٹو

دنیا بھر میں مشہور میک اپ برانڈ ’ہُدیٰ بیوٹی‘ کی بانی اور عراقی نژاد امریکی ہُدیٰ قطان نے فلسطین کی حمایت کرنے پر دھمکیاں دینے والی اسرائیلی خاتون کو منہ توڑ جواب دے کر سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

خیال رہے کہ عراقی نژاد امریکی کاروباری خاتون ہُدیٰ قطان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر غزہ کے مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف اظہارِ یک جہتی اور ان کے حق میں مسلسل آواز اُٹھا رہی ہیں جس پر کئی اسرائیلی صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر حال ہی میں ہُدیٰ قطان نے اپنی 40 ویں سالگرہ کی پوسٹ شیئر کی تو جہاں ان کے مداحوں نے انہیں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی وہیں اسرائیل کی حمایتیوں نے انہیں حسبِ روایت تنقید کا نشانہ بنایا حتیٰ کہ انہیں بیوٹی برانڈ کی مصنوعات نہ خریدنے کی دھمکیاں بھی دے ڈالیں۔

اسرائیلی خاتون صارف نے ان کی پوسٹ پر دھمکی آمیز تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیلی بہت بڑی تعداد میں ہیں اور ان کے پاس بے شمار سرمایہ بھی ہے، وہ دنیا بھر میں ہُدیٰ بیوٹی مصنوعات کے بہت بڑے خریدار ہیں اگر ہُدیٰ قطان نے یوں ہی فلسطین کے لیے اپنی حمایت کا اظہار جاری رکھا تو وہ ان کی مصنوعات خریدنا بند کر دیں گے۔

میک اپ آرٹسٹ ہُدیٰ قطان نے اس دھمکی آمیز تبصرے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مختصراً کہا کہ ’مجھے خون کا پیسہ نہیں چاہیے‘۔

ہُدیٰ قطان کے اس جواب نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے، کئی صارفین نے جواباً تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ان کی مصنوعات مزید خریدیں گے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ میں اتنا تناؤ کا شکار تھی کہ میں نے بیوٹی پراڈکس خریدنے کا ارادہ ترک کر دیا تھا لیکن اب میں مزید جمع کروں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید