اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) پاکستان اور چینی کمپنی نے پٹرولیم کی صنعت میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے جبکہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بدھ کو بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی ‘اس موقع پر انہوں نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ ‘پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم جیمز ماراپے اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقاتیں کیں ۔وزیرِ اعظم نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کی اور فوری جنگ بندی کے ساتھ ساتھ متاثرین تک امداد کی ترسیل پر زور دیا۔انوارالحق کاکڑ نے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سی پیک کے اعلی معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں رابطے اور تعاون کو مضبوط بنائے گا، غذائی تحفظ اور زراعت جیسے شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی، اصلاحات، غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے، چینی کاروباری اداروں کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔