کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں نواز شریف کے علاوہ قوم کے پاس کوئی امید نہیں، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اب پاکستان میں سلیکشن چلنے والی نہیں ہے، نواز شریف جیل سے گئے تھے ان کو واپس بھی جیل میں آنا پڑے گا،چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ ایک روز قبل بینکوں، امپورٹرز اور ایکسپورٹرز نے کارٹل بنا کر پاکستانی روپے سے کھیلنے کی دوبارہ کوشش کی،سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے الزامات نہیں ہیں سب اپنا اپنا رونا رورہے ہیں، الیکشن میں نواز شریف کے علاوہ قوم کے پاس کوئی امید نہیں ہے، نواز شریف کے سوا کوئی لیڈر نہیں جو ملک و قوم کو بحران سے نکال سکے، نواز شریف کیخلاف سازش کرکے ملک کو بحران میں مبتلا کیا گیا، الیکشن کی تاریخ حلقہ بندیاں فائنل ہونے سے پہلے کیسے آسکتی ہے؟، حلقہ بندیوں کا عمل جیسے ہی مکمل ہوگا الیکشن کا شیڈول جاری کردیا جائے گا، الیکشن کے شیڈول میں حلقہ بندیوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے، نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ اسی کابینہ نے کیاجس میں آدھے وزیر پیپلز پارٹی کے تھے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لندن پلان کی باتیں کرنے والوں کو شرم کرنی چاہئے، عمران خان عدالتوں کو کام نہیں کرنے دیتے تھے، پی ٹی آئی بھول گئی عمران خان کو عدالت میں پیش ہوئے بغیر ضمانتیں مل جایا کرتی تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، اگر پی ٹی آئی نو مئی کے واقعات نہ کرتی تو مقدمات بھی نہ بنتے، ن لیگ نے پہلے بھی کبھی لائن کراس نہیں کی۔