ارومچی(اے پی پی)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین کا دورہ مکمل کرکے جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔
دونوں ممالک کے درمیان 20 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ‘قبل ازیں نگراں وزیراعظم نے ارومچی کی تاریخی یینگ ہینگ گرینڈ بازار مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔
وزیراعظم نے ملک و قوم و امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اورغزہ کے مظلوم لوگوں کے حق میں خصوصی دعاکی۔علاوہ ازیں پاکستان اور چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کے دورہ چین کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں دونوں فریقین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازعہ سے نکلنے کا بنیادی راستہ "دو ریاستی حل اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام" میں مضمر ہے۔
بیان کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئےچین کا دورہ کیا جس کے دوران دونوں فریقوں نے 20 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جن میں بی آر آئی، بنیادی ڈھانچے، کان کنی، صنعت، ماحول دوست ترقی، صحت، خلائی تعاون، ڈیجیٹل معیشت، ترقیاتی تعاون اور چین کو زرعی مصنوعات کی برآمدات کے معاہدے و سمجھوتے شامل ہیں۔