کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے پرزہ جات اور سامان فراہم کرنے پر امریکا نے چین کی تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے بیان میں ان کمپنیوں کی شناخت جنرل ٹیکنالوجی لمیٹڈ، بیجنگ لو لو ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور چانگ زو یوٹیک کمپوزٹ کمپنی لمیٹڈ کے نام سے کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل ٹیکنالوجی نے بیلسٹک میزائل راکٹ انجنوں اور کمبسشن چیمبرز کی تیاری میں پرزوں کو جوڑنے کیلئے استعمال ہونے والے بریزنگ مواد فراہم کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیجنگ لو لو نے مینڈریل اور دیگر مشینری کی فراہمی کیلئے کام کیا تھا جسے ٹھوس پروپیلنٹ راکٹ موٹروں کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تیسری فرم چانگ زویو ٹیک کمپوزٹ نے 2019 سے ڈی گلاس فائبر، کوارٹج فیبرک اور ہائی سلیلکا فیبرک فراہم کیا، اور یہ سبھی اشیاء میزائل سسٹم میں استعمال ہوتی ہیں۔