کراچی ( جنگ نیوز)چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو حمایت کا یقین دلاتے ہوئے چینی اداروں اور عملے کےلیے محفوظ ماحول مہیا کرنے پرزور دیا ہے۔پیکنگ میں تیسرے بیلٹ اور روڈ فورم کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم انور الحق کاکڑ کے ساتھ ملاقات کے دوران صدرشی نے کہا " امید کی جاتی ہے کہ پاکستان چینی اداروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنائے گا۔"دونوں ممالک طویل عرصے سے ایک دوسرے کےاتحادی ہیں اور ’ آئرن برادرز ‘‘کہلائے جاتے ہیں اوراس موقع پر دونوں نے اپنی غیر متزلزل پارٹنر شپ پر پھر سے زور دیتے ہؤے کہا کہ دونوں ممالک اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔ اجلاس کے بعد چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ شی‘ نے پاکستان کی جانب سے چین کے اہم مفادات کی طویل مدتی اور مضبوط حمایت کو سراہا اور کہا کہ بیجنگ پاکستان کی قومی خودمختاری کے تحفظ ، اس کی آزادی اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔