پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلسل آواز اُٹھاتی نظر آ رہی ہیں۔
حال ہی میں اُشنا شاہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر فلسطین اور اسرائیل تنازع سے متعلق ایک سبق آموز ویڈیو شیئر کی۔
اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح صہیونیوں نے دنیا کی کچھ بڑی طاقتوں کی سرپرستی میں فلسطینیوں کی سر زمین پر حملہ کیا اور پھر اس پر قبضہ کیا۔
اداکارہ کو ویڈیو میں اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ فلسطین، اسرائیل، امریکا، برطانیہ اور کچھ دوسرے ممالک کے کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو میں فلسطین میں کئی سال سے جاری اسرائیلی مظالم کے بارے میں مغربی میڈیا کے متعصبانہ اندازِ صحافت پر تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح مغربی میڈیا فلسطینیوں کے اپنی سر زمین کے دفاع کو انتہا پسند عسکریت پسندوں کے حملوں کے طور پر دکھاتا ہے اور فلسطینیوں کی سر زمین پر آباد اسرائیلی آباد کاروں کی جارحیت کو حقِ دفاع قرار دیتا ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنی ویڈیو میں اس حقیقت سے بھی پردہ اُٹھایا کہ کس طرح مغربی میڈیا اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ جعلی تصاویر دکھا کر جھوٹ پھیلا رہا ہے تاکہ انہیں اپنے پروپیگنڈے کے لیے آنے والے فنڈز موصول ہوتے رہیں۔