• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ، تحریک انصاف کو جلسے جلوس کی اجازت

پشاور(امجدصافی) پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو الیکشن کیلئے پرامن جلسے اور جلوس منعقد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اس بات کاپابند بنایا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں لگائی گئی شرائط پر عمل کریں گے تاکہ امن وامان کی صورت حال خراب نہ ہوں۔ ہائیکورٹ نے یہ احکامات پی ٹی آئی کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور اور دیگر کی جانب سے دائر رٹ پٹیشنز کی سماعت کے دوران جاری کئےاور درخواست نمٹادی ۔ اس موقع پر جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں یہ کوئی نئی بات نہیں کہ ایک مفرور کے گھر پر جلسہ ہوتا ہے بلکہ یہاں پر ایسا بھی ہوتا ہے کہ مفرور کو پروٹوکول میں لایا جاتا ہے ایسی چیزیں یہاں پر عام ہو گئی ہیں‘ دو رکنی بنچ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل تھا۔رٹ پٹیشن میں درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر اعلامیہ کریک ڈاون شروع کیا ہے اور انہیں جلسے اور جلوس منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی حالانکہ آئین کے تحت انہیں پرامن جلسے جلوس منعقد کرنے کا حق حاصل ہے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ صوبہ بھر سے 75 درخواستیں جلسے اور جلوس کےلئے دی گئی مگر تمام درخواستیں مسترد کردی گئیں اور انہیں اپنے گھروں اور یہاں تک کہ ایک خاص جگہ پر بھی جلسے کی اجازت نہیں جبکہ دیگر پارٹیوں کو جلسے و جلوس منعقد کرنے کی اجازت ہے‘ الیکشن کا سیزن شروع ہو چکا ہے ان حالات میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرنا درست نہیں۔

اہم خبریں سے مزید