• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹوں سے ہر ہفتے بات کرائی جائے، عمران خان نے درخواست دائر کردی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر ہفتہ کے روز بیٹو ں سے بات کرانے کیلئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت سے رجوع کرلیا ،ہفتہ کے روز دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ عدالت نے21 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیاجس پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے واٹس ایپ پر انکی بیٹوں سے بات کرائی،استدعا ہے کہ ہر ہفتہ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیاجائے حقیقی بیٹوں سلمان اور قاسم سے بات کرنا چیئرمین پی ٹی آئی کا حق ہے،ادھرعدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدم دستیابی کے باعث درخواست پر کوئی کاروائی نہ ہوسکی ۔دریں اثناءاسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں بند چیئرمین پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ملاقات کرنیوالے وکلاء کی فہرست دینے پر سہولیات فراہمی کی درخواست نمٹادی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بنچ سے جاری فیصلہ میں عدالت کاکہناہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی فہرست کے مطابق وکلاء ہر منگل اور جمعرات کو دس وکلاء چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کر سکیں گے، حامد خان ، بیرسٹر علی ظفر ، شعیب شاہین، شیر افضل مروت ، سلمان صفدر ، بیرسٹر عمیر نیازی، سلمان اکرم راجہ ، بیرسٹر گوہر ، برہان معظم ، لطیف خان کھوسہ کے نام لسٹ میں شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید