ملتان (سٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف اخوانی نے تاجروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی صبح شام لاہور میں منصوبوں کا افتتاح اور دورہ کررہے ہیں جبکہ اہل ملتان کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا جارہا ہے شہر کی دو اہم سڑکیں نواب پور روڈ اور حضوری باغ روڈ عرصہ سے تباہی کا شکار اور کھنڈرات کی تصویر پیش کررہی ہیں۔ نگران وزیر اعلی پنجاب فوٹو سیشن کے لیے صبح شام بھاگ رہے ہیں لیکن کہیں کام ہوتا نظر نہیں آرہا حالیہ دورہ ملتان میں رات گئے نواب پور روڈ کا دورہ کیا آج اس دورہ کو بھی دو ماہ سے زائد ہوگئے لیکن تاحال اس روڈ پر تعمیراتی کام کا آغاز نہیں ہوا۔ اس موقع پر ظفر علی خان،رہنما انجمن تاجران شیخ ندیم ، منظور الہی، ناظم پی پی 215 نوید ترین اور دیگر بھی موجود تھے۔