• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف پھر پاکستان کو عروج پر لے جائیں گے، حسیب امجد

گلاسگو (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن رائے ونڈ کے رہنما میاں حسیب امجد نے کہا ہے کہ انشاء اللہ میاں نوازشریف ایک بار پھر پاکستان کو عروج پر لے جائیں گے، وہ اپنے مخالفین سے انتقام لیتے نہیں بلکہ نیلسن منڈیلا کی طرح ایک نئے دور اور نئی صبح کیلئے امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ گلاسگو کی کاروباری و سیاسی شخصیات بابر بھٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے میاں حسیب امجد کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کیلئے 2018کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور پھر جو نااہل حکومت آئی اس نے ملکی معیشت کو دیوالیہ کردیا۔ ایسے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن اور ان کی اتحادی جماعتوں نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر پاکستان کو بچایا۔ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا تھا وہ اس سے پھرگئے اور اس کے تمام تر نقصانات مخلوط حکومت کو بھگتنے پڑے۔ جب نوازشریف کو پانامہ کے بجائے اقامہ کے الزام میں حکومت سے نکالا گیا تو حکومت ترقی کا سفر بڑی تیزی سے طے کررہی تھی، گھروں میں20,20گھنٹوں تک بجلی نہ آتی تھی، مسلم لیگ کی حکومت نے اس لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، تعلیم کو عام کرنے کیلئے ملک بھر میں دانش اسکول بنائے۔ جہاں یتیم اور غریب بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی تھی، ہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے مفت ادویات دی گئیں، معیشت مضبوط ہورہی تھی، ڈالر کی قیمت محدود تھی، آج لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں، مسلم لیگ کے دور میں روٹی سستی تھی اور آج یہ غریب کی دسترس سے باہر ہورہی ہے۔ اگر ہماری حکومت کو نہ نکالا جاتا اور ترقی کا تسلسل جاری رہتا تو آج ہم بھی جی20کے ممبر بن چکے ہوتے۔ تقریب میں بیلی کونسلر حنیف راجہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جب کہ عرفان سرفراز، سہراب بھوتانی اور طاہر رانا نے بھی عشائیہ سے خطاب کیا اور ملک کی تازہ ترین صورت حال پر روشنی ڈالی۔
یورپ سے سے مزید