کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑنے کہا ہے کہ جنوری کے آخری یا فروری کے پہلے ہفتے میں انتخابات ہوجائیں گے، الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کیلئے مدت کم کرکے اپنی نیک نیتی کا ثبوت دیا، فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلے سے کلبھوشن کے ساتھ دیگر غیرملکی جاسوسوں کو ریلیف دیا گیا۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور تحریک انصاف کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھابھی شریک تھے۔فیصل واوڈانے کہا کہ پرانی اسٹیبلشمنٹ کی باقیات ابھی بھی عدالتی نظام میں موجود ہیں، فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلہ آنے سے کلبھوشن یادیو کیخلاف کیس کمزور ہوگیا ،اس فیصلے سے پاکستان میں جاسوسی کو قانونی کردیا گیا ہے، دہشتگرد تنظیمیں عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کررہی ہیں،ن لیگ کے اتحادیوں کو لگ رہا ہے ان کے ساتھ گیم ہوگئی۔نعیم حیدر پنجوتھانے کہا کہ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا کیس جاسوسی نہیں جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھا، سائفر کیس میں بغیر جواز کے عمران خان کی ضمانت خارج کی گئی۔پروگرام میں ساجدہ شعیب کی رپورٹ بھی دکھائی گئی جس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ میں ایک سڑک آئین شکنی کی یاد دلارہی ہے جسے پرویز مشرف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ شاہراہ کا نام فوراً تبدیل کیا جائے اورآئین شکن کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کرنل (ر) انعام الرحیم نے رپورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے شخص کے نام سے سڑک منسوب کردی گئی جس نے دو دفعہ ملک کا آئین توڑا، یہ آئین اور ملک کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ اور مذاق ہے، سڑک کا نام پرویز مشرف کے نام پر رکھنے کی منظوری دینے پر جنرل باجوہ کا مواخذہ ہونا چاہئے، جنرل باجوہ ریٹائرمنٹ سے پہلے اس سڑک کا افتتاح کر کے گئے۔