کراچی(ٹی وی رپورٹ)پاکستان میں لوگوں کی آڈیوز کون اور کیسے ٹیپ کررہا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق سے ایک مہینے میں جواب مانگ لیا عدالت نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاق کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی درخواستوں کی سماعت، جسٹس بابر ستار نے اہم سوالات اٹھا دیئے۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے استفسار کیا کہ الیکٹرانک سرویلنس کیسے ہورہی ہے اور کون کررہا ہے؟ وزیراعظم آفس، سابق چیف جسٹس کے اہلخانہ اور سپریم کورٹ کے جج کی آڈیوز لیک ہوئیں، پی ٹی اے کہہ رہی ہے اس نے کسی کو اجازت نہیں دی، تو کیا اٹارنی جنرل یہ پوزیشن لے رہے ہیں کہ حکومتی اتھارٹی کے بغیر یہ آڈیوز ٹیپ ہوئیں؟ ریاست پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر ایسا کرنا خوفناک ہے۔