پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل نیمل خاور نے اپنے نئے آرٹ ورک سے موصول ہونے والا معاوضہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے دینے کا اعلان کر دیا۔
نیمل خاور نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے نئے آرٹ ورک کی ایگزیبیشن سے چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ میرے نئے آرٹ ورک کی نمائش’ہام گیلری لاہور‘ میں کی گئی ہے۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ جب میں نے اپنے اس آرٹ کو بنانے کے بارے میں سوچا اور پھر کئی مہینوں تک اس پر محنت کی تو میں نے ان پینٹنگز کو اپنی زندگی میں موجود خواتین کی طاقت اور خوبصورتی کے لیے وقف کیا، میرا یہ کام ممتا کے لیے پیغام ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان تصاویر کو میں نمائش کے لیے اب دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہوں تو میں انہیں غزہ کی خواتین، خاص طور پر غزہ کی ماؤں کے لیے وقف کرنا چاہتی ہوں جنہیں ہم اجتماعی طور پر ناکام کر چکے ہیں۔
نیمل خاور نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ اس آرٹ سے حاصل ہونے والی ساری آمدنی غزہ کو امداد فراہم کرنے والے خیراتی اداروں کو دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہو گئی ہے جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہداء میں 73 فیصد بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد شامل ہیں۔