کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاپتا شہریوں کو بازیاب کرانے کا عمل تیز کرنے کا حکم دیدیا ، درخواست گزاروں کے وکلا نے کہا کہ شہری فرقان خان، عمران، عابد علی اور دیگر شہر کے مختلف علاقوں سے لاپتا ہوگئے تھے بازیاب کرایا جائے ، پولیس حکام کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تمام اداروں اور مختلف حوالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تلاش جاری ہے، وفاقی سیکریٹری داخلہ نے رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ شہری کسی بھی حراستی مراکز میں قید نہیں ہیں، جے آئی ٹی، پی ٹی ایف اور پولیس رپورٹس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لاپتا افراد کو ہر ممکن تلاش کرنے کی کوشش کی جائے،اہلخانہ، جے آئی ٹیز، پی ٹی ایف سمیت تمام حوالوں سے شہریوں کا سراغ لگایا جائے، عدالت نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو معاملے کو ذاتی طور پر دیکھنے کا حکم دیدیا اور ریمارکس دیئے کہ لاپتا کے معاملے پر کوئی بھی بری الزمہ نہیں ہو سکتا، تلاش کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔